وزیراعظم عمران خان آئینی مدت پوری کریں گے،وفاقی وزیر اسد عمر

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے کیونکہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 90 فیصد لوگوں نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ اس لیے دیا کیونکہ وہ وزیراعظم عمران خان سے محبت کرتے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے واحد سیاسی رہنما ہیں جو تمام قومی مسائل کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات پر مناسب توجہ نہ دینا خیبرپختونخوا میں شکست کا ایک بڑا سبب بنا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بلدیاتی انتخابات اکیلے لڑا، انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے باوجود پی ٹی آئی نے وہاں پر تحصیل کی 13 نشستیں حاصل کیں۔اسد عمر نے کہا کہ پارٹی قیادت طویل المدتی بنیادوں پر پارٹی اسٹرکچر پر مناسب توجہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تحریک انصاف کے چیئرمین کی حیثیت سے مستقبل میں پارٹی کے معاملات کی بھی نگرانی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے مجرم قرار دے کر ساری زندگی کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے تو وہ ملکی سیاست میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی میں گرین لائن سمیت 5 میگا پراجیکٹس شروع کیے ہیں، گرین لائن منصوبہ اگلے ماہ سے مکمل طور پر فعال ہو جا ئے گا۔