آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام کی ملاقات

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام نے یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور بحرین کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر المقاصد پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔انہوں نے افغانستان کے بارے میں عالمی اتحاد اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔