آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتاہے ،قاسم خان سوری

اسلام آباد:ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے اور آئین پاکستان ان کے حقوق کو مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں کرسمس کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ارکان پارلیمنٹ ، پارلیمنٹ میں ہاؤس میں کام کرنے والے مسیحی برادری کے عملے اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین پاکستان اور قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق فراہم کیے جائینگے۔انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں عیسائی برادری کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ حضرت عیسی ٰ علیہ السلام نے محبت، بھائی چارے اور امن کا پیغام دیا جس سے دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جاسکتا ہے۔