محنت کشوں اور مستحق افراد کیلئے قائم پناہ گاہوں میں معیاری خوراک اور خدمات فراہم کی جائیں، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے محنت کشوں اور مستحق افراد کے لئے قائم پناہ گاہوں میں معیاری خوراک اور خدمات فراہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پناہ گاہ میں احساس سروسز فراہم کی جائیں، معاشرے میں کردارادا کرنے کے قابل بنانے کے لئے ان پناہ گاہ کے رہائشیوں کو ہنرمندی کی تربیت بھی فراہم کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نےکثیر المنزلہ پناہ گاہوں کے منصوبوں کی نقاب کشائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کی اجتماعی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسی طرح کی ماڈل بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے وزیراعظم نے احساس ٹیم سی ڈی اے ، این سی اے اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاشوں کو سراہتے ہوئے نئی ماڈل پناہ گاہوں کے قیام پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانےکی ہدایت کی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ پناہ گاہوں میں احساس سروسز کا فراہم کی جائیں۔قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹرثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو پناہ گاہوں کے نئے تزویراتی پلان بشمول تعمیرات ، فرنشنگ، گورننس، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، استعداد اور فنانسنگ بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ محنت کشوں کے لئے بستر، ناشتے اور کھانے کی سہولیات کے علاوہ ان پناہ گاہوں میں احساس ون ونڈو مراکز بھی ہوں گے تاکہ محنت کش اورپسماندہ طبقے کو حکومت کے سماجی بہبود کے پروگراموں سے مستفید ہونے کے قابل بنایا جا سکے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سی ڈی اے نے کابینہ کی منظوری کے بعد اس مقصد کے لئے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ ڈویژن کو رعایتی نرخوں پراراضی دی ہے۔ ان کے تعاون سے پناہ گاہوں کا نیا ماڈل ڈیزان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پنڈال میں ان ماڈل پناہ گاہو ں میں استعمال ہونے والے فرنیچر اور نصب کئے گئے سامان کے نمونے بھی رکھے گئے۔قبل ازیں وزیراعظم نے پناہ گاہ کے نئے ماڈل کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ ماڈل پناہ گاہ اور فرنیچرکے ڈھانچے کو از سر نو ڈیزائن کرنے کے لئے احساس نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہورکے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ پناہ گاہ کے نئے ڈیزائن میں بڑاکچن، کولڈ سٹوریج ، استقبالیہ لابی ، انتظار کی جگہیں اور ضرورت مندوں کو خوراک اور رہائش فراہم کرنے کی بہتر صلاحیت ہو گی۔پناہ گاہ سے مستفیدہونے والوں کو بہترین رہائش اور معیاری کھانا فراہم کرنے کے لئے احساس اور سرینہ ہوٹل پہلے سے بھی تعاون کررہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد کی تمام پناہ گاہوں کے عملے اور مکینوں کو مہمان نوازی ، خوراک کے تحفظ ، ماحولیات اور ہائوس کیپنگ کے بارے میں تربیت دی جا رہی ہے جبکہ سہولیات کی باقاعدہ نگرانی کی جارہی ہے ۔احساس نے اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں 27 پناہ گاہیں کھولی ہیں جن میں سندھ میں 5 ، خیبر پختونخوا میں 8 ، بلوچستان میں 7، اسلام آبادمیں 5 اور گلگت بلتستان اور پنجاب میں ایک ایک پناہ گاہ شامل ہے۔ احساس پروگرام کے تحت پناہ گاہیں کھانے، ضروری اشیا، حفظان صحت، کپڑے دھونے اور حفاظتی معیارات کے ساتھ رہائش اور ناشتے کی سہولتیں مہیا کررہی ہے ۔ہر پناہ گاہ میں تقریباً 500 لوگوں کو مفت کھانا فراہم کیاجا رہا ہے اوررات کو 100 بستروں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔واضح رہے 4 نئی پناہ گاہیں ترلائی ، ترنول ، جی نائن اورمنڈی موڑ کے علاقوں میں قائم کی جائیں گی۔