اپنی موثر سفارت کاری کی وجہ سے پاکستان آج پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنی موثر سفارت کاری کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے۔ انھوں نے یہ بات بدھ کو وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ،وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزارتِ اطلاعات کے سینیر افسران کے اعزاز میں وزارت خارجہ میں کیے گئے چائے کے اہتمام کے موقع پر کہی۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی ، سپشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ ،سیکرٹری اطلاعات شاھیرہ شاہد، پی آئی او سہیل علی خان، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی عنبرین جان، ایم ڈی اے پی پی مبشر حسن، ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور، ایگزیکٹو پروڈیوسر عون ساہی، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد، جی ایم ڈیجیٹل میڈیا ونگ عمران غزالی اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔وزیر خارجہ نے 19 دسمبر کو او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس اور اس کے اغراض و مقاصد کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں موثر تشہیر پر وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔انھوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ایک تاریخی، سفارتی کامیابی سے نوازا،افغانستان کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور آج پاکستان اپنی موثر سفارت کاری کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مارچ 2022 میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کرنے کیلئے بھی پر عزم ہے۔