معیاری تعلیم غربت اور بے روزگاری سے نجات کا واحد راستہ ہے، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

اسلام آباد:پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم غربت اور بے روزگاری سے نجات کا واحد راستہ ہے،مقامی آبادی کو تعلیم دے کر گوادر پورٹ اور سی پیک میں مختلف اقتصادی پالیسیوں اور منصوبوں سے سود مند نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ،انہوں نے یہ بات پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ میں یوم والدین کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔کالج آمد پر نیول چیف کا استقبال پرنسپل کیڈٹ کالج اورماڑہ کموڈور مسعود الحسن نے کیا اورکیڈٹس کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے انعامات حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دی اور تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ان کی کارکردگی کو سراہا۔ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ کے اساتذہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ملک بھر خصوصا ًبلوچستان کے نوجوان کیڈٹس کے کیرئیر کی مستحکم بنیاد رکھنے کی تعریف کی اورصحت وتعلیم کے شعبوں سمیت بلوچستان کی ساحلی پٹی میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو اجاگر کیا ،انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کو تعلیم دے کر گوادر پورٹ اور سی پیک میں مختلف اقتصادی پالیسیوں اور منصوبوں سے سود مند نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم خطہ میں غربت اور بے روزگاری سے نجات کا واحد راستہ ہے۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ نے تعلیمی، نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کیڈٹس کی کارکردگی کی تفصیل پیش کی۔پرنسپل نے یوم والدین اور سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں شرکت پر چیف آف دی نیول اسٹاف اور کیڈٹس کے والدین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سول وفوجی حکام، بلوچستان کے مقامی معززین اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔