مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں امن و آشتی کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں کرسمس کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، وہ امن کے پیامبر تھے، مذہبی تعلیمات میں اخوت، درگزر کا بڑا درجہ ہے، دنیا میں اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں جنگیں اور قتل و غارت ہو رہی ہے، بچوں اور عورتوں پر ظلم ہو رہا ہے، تمام چرچ اس ظلم و جنگ کی نفی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن کیلئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے امن و آشتی سے متعلق اسلامی اور مسیحی تعلیمات کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن کیلئے ان تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ اﷲ کے تمام انبیائے کرام، پیغمبر، مذاہب اور ادیان امن و محبت کا درس دیتے ہیں، ہمارا پیغام ہے کہ پاکستان سب کا ہے، چاہے مسلمان، مسیحی، ہندو یا کوئی بھی اقلیت ہو یہ ملک سب کا ہے، معاشرے میں تمام مذہبی اکائیوں کو ان کے حقوق حاصل ہیں اور وہ عزت کے ساتھ اپنی زندگیاں گزار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک میں اقلیتوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا، ہندوئوں سمیت دیگر اقلیتوں نے مواقع ہونے کے باوجود پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں قائداعظم کے فرمان کے مطابق ہیں، تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادیاں حاصل ہیں، ریاست مدینہ کی تشکیل اور اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی کیلئے ہر حد تک جائیں گے، اقلیتوں کو حقوق فراہم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبری مذہب کی تبدیلی سے متعلق زیادہ پروپیگنڈا نہیں کرنا چاہئے، اس حوالہ سے قانون سازی اور آگاہی پیدا کریں گے، اقلیتوں سے متعلق تعلیمی نصاب میں اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ ملک کیلئے بدنامی اور رسوائی کا سبب بنا، ایسی شرپسند قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا، پاکستانی قوم، علماء سمیت تمام مکاتب فکر نے اس واقعہ کی مذمت کی، ریاست بھی ایسے واقعات کے خلاف مؤثر کارروائی کر رہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی شنیلا روتھ نے کہا کہ کرسمس کا پیغام امن و رواداری ہے، حضرت عیسیٰ کی تعلیمات میں امن و سلامتی کا درس دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں امن و آشتی، محبت و رواداری کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اقدامات کر رہی ہے، موجودہ حکومت نے کرتارپور راہداری سمیت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو ان کی مذہبی تعلیم کی آزادی دی گئی ہے، ملک کے تمام طبقات نسل، رنگ اور مذہب سے بالاتر ہو کر ملک کو امن و سلامتی کو گہوارہ بنائیں۔انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالہ سے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایوان صدر کے دروازے کھول دیئے ہیں اور ہر سال کرسمس کی تقریب یہاں منعقد کی جاتی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔