دسمبر2022 میں فائیو جی ٹیکنالوجی پاکستان میں آجائے گی، امین الحق

کراچی:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے بڑے شہروں کراچی اسلام آباد اور لاہور میں دسمبر 2022 تک فائیو جی متعارف کرادیا جائے گا جبکہ کراچی میں جون سے قبل ڈیٹا سینٹر بھی قائم کردیا جائے گا۔ یہ بات انہوں کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروصنعتکاروں سے خطاب کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا عزم ڈیجیٹل پاکستان ہے اور ایم کیو ایم بھی ڈیجیٹل پاکستان کا وژن رکھتی ہے۔آئی ٹی منسٹری نے کنکٹیوٹی پر کام کیا ہے۔ 10 کروڑ افراد براڈ بینڈ استعمال کررہے ہیں۔ آج ملک میں موبائل فون بن رہے ہیں۔ 2.1 ارب ڈالر کی برآمدات کی ہیں، رواں سال کے اختتام تک ساڑھے تین ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاشا آئی ٹی کے فروغ میں معاونت کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں ڈیٹا سینٹر کے قیام پر کام کررہے ہیں۔ کراچی کا ڈیٹا سینٹر جون سے پہلے مکمل کرلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم شکر گذار ہیں کہ وفاق گرین لائن، کے فور منصوبوں کی فنڈنگ کررہا ہے ۔