مردان بورڈکے میٹرک کے سالانہ امتحان آرٹس گروپ کے پہلی دوپوزیشنیں طالبات دوبہنوں نے اپنے نام کردی

مردان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے میٹرک کے سالانہ امتحان2019کے آرٹس گروپ کے پہلی دوپوزیشنیں دینی مدرسہ کی طالبات دوبہنوں نے اپنے نام کردی۔ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی مدرسہ جامعہ تحسین القران حکیم آباد کی طالبات منیبہ عمیر اور اقراء عزیر دختران نوید علی نے بالترتیب 978, اور 950 نمبر لیکر آرٹس گروپ میں فرسٹ اور سیکنڈ پوزیشن حاصل کرلی۔دونوں بہنوں نے پرائیویٹ طور پر امتحان دیا تھا ہونہار طالبات نے سینئروزیرخیبرپختونخوا محمد عاطف خان سے سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام 70اور50ہزارروپے وصول کئے۔اس موقع پر پوزیشن لینے والی طالبات کے والد نوید علی نے ميڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ا نکا تعلق ضلع صوابی سے ہے جبکہ وہ نوشہرہ میں سرکاری سکول میں پرنسپل کے عہدے پر فائز ہے۔انہوں نے کہا کہ میری بیٹیوں کی خواہش تھی کہ وہ دینی مدرسے میں پڑھے لیکن میں چاہتا تھا کہ وہ دینی علوم کے ساتھ عصری علوم بھی حاصل کریں جس پر دونوں بیٹیوں نے پرائیویٹ امتحان دیکرجماعت نہم میں بھی پہلی اور دوسری پوزیشن لی تھی اور اب میٹرک کے امتحان میں بھی انہوں نےاس پوزیشن کو برقرار رکھتے ہوئے مردان تعلیمی بورڈ میں آرٹس گروپ میں منیبہ نے پہلی اور اقرا نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی جس پر مجھے فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے بچیوں کی پی ایچ ڈی تک تعلیم جاری رکھنے کی کوشش کرونگا اور میں اس موقع پرخصوصی طور پر دینی مدارس کے طالبات کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی دینی علوم کے ساتھ عصری علوم بھی حاصل کریں تاکہ عصری علوم سے بھی مالامال ہوجائے اوراپنے فرائض مزید بہتر طریقے سے اداکرسکے۔