وزیراعظم عمران خان کا چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد:وزیر اعظم نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شوگر ملوں کی نگرانی کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکہ چینی کی اصل پیداوری مقدار کا پتہ چلایا جا سکے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چینی کی قیمت فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران موجودتھے جبکہ پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔وزیر اعظم نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ شوگر ملوں کی نگرانی کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے تاکے چینی کی اصل پیداوری مقدار کا پتہ چلایا جا سکے،ناجائز منافع کمانے والے غریب عوام کے دشمن ہیں اور ریاست ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبے میں چینی کی مقرر کردہ قیمت فروخت کو لاگو کرنے کے لئے تمام ضلع انتظامیہ کو نگرانی کرنے کے ہدایات دی جا چکی ہیں۔اس ضمن میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عمل شروع ہے۔اس کے علاوہ شوگر ملوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جن کی مدد سے گنے کی مقدار اور پیدا شدہ چینی کی نگرانی کی جا ئے گی، تمام شوگر ملوں سے کرشنگ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر معلومات بھی جمع کی جائیں گی۔