لندن: ذلفی بخاری نے ریحام خان کیخلاف ہتک عزت کامقدمہ جیت لیا

لندن: ذلفی بخاری نے لندن ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور براڈ کاسٹر ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ریحام خان نے ذلفی بخاری کو مقدمے کے اخراجات اور ہرجانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، ریحام خان کو 50 ہزار پاؤنڈ بطور ہرجانہ ادا کرنا ہو گا۔اپنے ویڈیو میں ریحام خان نے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری سے ہتک انگیز الزامات پر معافی بھی مانگ لی ہے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل برائے ترقی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ عدالتی احکامات پر، ریحام خان نے عوامی طور پر معافی مانگی اور اپنے جھوٹ پر ہرجانہ ادا کیا۔زلفی بخاری نے کہاکہ انشااللہ ایک دن ہمارے ہاں بھی ایک جیسا قانون اور انصاف ہوگا تاکہ جھوٹ اور جعلی خبریں پھیلانے والے بعض میڈیا والوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نتیجہ ہے جب قانون کی بالادستی ہو۔واضح رہےکہ زلفی بخاری روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق الزام پر ریحام خان کو عدالت لےگئےتھے، عدالت نے ابتدائی سماعت میں بد عنوان، بےایمان قرار دینے کے چار الزامات اور چار ٹوئٹ توہین آمیز قرار دئیے، زلفی بخاری کے وکیل نے کیس کو انتہائی توہین آمیز قرار دینےکی استدعا کی تھی۔ابتدائی سماعت میں ریحام خان نے موقف اپنایا کہ عوامی مفاد میں قومی اثاثوں کی فروخت کا معاملہ اٹھایا، کسی سی ذاتی دشمنی نہیں، کیس میں زلفی بخاری کی حیثیت کو نقصان نہیں پہنچا جو کہا عوامی مفاد میں تھا۔جج نے ریحام خان کی وضاحت مسترد کی جبکہ زلفی بخاری کا مؤقف تسلیم کیا۔