کووڈ۔19 کے پھیلاو کو روکنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی دنیا بھر میں تسلیم

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا سے بچائو کی ویکسین روزانہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو لگائی جا رہی ہیں، وباسے بچنے کے لئے ماسک کا استعمال بہت ضروری ہے تاہم ابھی ہم اس قابل نہیں ہوئے کہ ماسک کا استعمال چھوڑ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے ماسک پہننے کی آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان میں کووڈ۔19 کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہماری حکمت عملی کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان میں مثبت معاشی گروتھ سامنے آئی جو 3.5 فیصد تھی۔انہوں نے کہا کہ دن میں روزانہ دس لاکھ سے زائد ویکسین لگ رہی ہے جبکہ پانچ کروڑ سے زائد افراد کو اب تک ویکسینیشن کی جا چکی ہے اور 6 کروڑ 70 لاکھ خوراک دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو کروڑ سے زائد لوگ مکمل طور پر ویکسین لگوا چکے ہیں، یہ ایک اچھی حکمت عملی کی عکاسی ہے،وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اور میڈیا کے ذریعے سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ وباءابھی موجود ہے،ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ آپ اپنے ماسک اتار دیں، آج کی تقریب کا مقصد بھی یہی ہے کہ تمام لوگوں کو یہ آگاہی دی جائے کہ وہ ماسک کا استعمال لازمی کریں، ویکسین لگوانے کے بعد بھی ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، ہاتھ بار بار صابن سے دھونا ضروری ہے تاکہ اس وباءکو پھیلنے سے روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایسا کر لیں گے تو وباءکی اس چوتھی لہر سے بھی کامیابی سے نکل سکتے ہیں اور پھر ہم آپ کو یہ کہنے کے قابل ہو جائیں گے کہ اب آپ کو ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ابھی وہ وقت دور ہے، سب سے درخواست ہے کہ ماسک کا استعمال کریں۔ اس تقریب کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ڈبلیو ایچ او اداروں کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے کیونکہ جب ادارے مضبوط ہوتے ہیں تو اس کا فائدہ صرف ایک فرد کو نہیں بلکہ پوری قوم اور آنے والی نسلوں کو ہوتا ہے۔