آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنز کی ملاقات

راولپنڈی:امریکہ کی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنز نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں امن اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔امریکی عہدیدار نے افغانستان کی صورتحال بشمول کامیاب انخلا آپریشن اور علاقائی استحکام کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔