افغان سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، طالبان

اسلام آباد: طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واضح اعلان کیا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں شہریوں کو نقصان نہیں پہنچائیں گے، مجبور نہ کیا گیا تو سخت قدم بھی نہیں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری سرزمین کوپڑوسی ملک کےخلاف استعمال کریں۔ترجمان طالبان نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر مسلم ملک اور دوسرا گھر ہے ہماری اقدار مشترکہ ہیں، پاکستان لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے،پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دوحا میں ہماری مذاکراتی ٹیم موجود ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ خواتین کو تمام شرعی اور معاشی حقوق دیں گے، تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ داعش گروپ ہمارا دشمن ہے تمام اسلامی ممالک اس کے خلاف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے اسلامی نظام لانا چاہتے ہیں، کابل میں بزور طاقت نہیں آئیں گے، طاقت میں ہونے کے باوجود مذاکرات کو ترجیح دے رہے ہیں۔