پاکستان افغانستان میں امن کے قیام میں حصہ دار

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ‏ ‏وزیر اعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ ہم افغانستان میں امن کے قیام میں حصہ دار ہوں گے، جنگ میں نہیں۔ پاکستان کی زمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی اور امید ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات نےپیر کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیاسی پارلیمانی قیادت عدم مداخلت کے اصول پر متفق ہے۔افغانستان میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر ہے، پوری کوشش ہے کابل میں ایک پرامن اور سب کی رائے پر مبنی نظام حکومت کے ذریعے آگے بڑھا جائے،تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو بھی پاکستان کے اندر اس کے اثرات نہیں آنے دیں گے، ہماری افغان پالیسی پاکستان کے مفاد پر مبنی ہے۔