افغانستان کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے تحریک طالبان پاکستان کو نادرا شناختی کارڈز دلوانے کا انکشاف

کراچی: افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی جانب سے تحریک طالبان پاکستان کو نادرا شناختی کارڈز دلوانے کا انکشاف ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سندھ زون وَن کے ڈائریکٹر عامر فاروقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ نادرا سے ناصرف ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے لیے شناختی کارڈز بنوائے گئے بلکہ القاعدہ کے دہشت گردوں کو بھی کارڈز بنوا کر دیے گئے، ایک بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بھی بنایا گیا جو کہ شہر قائد میں صفورا حملے میں ملوث نکلا اس کے علاوہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی جب کہ نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے۔انہوں نے بتایا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان کو شناختی کارڈز دلوائے، اس کے علاوہ بھی نادرا سے متعدد دہشت گردوں کے شناختی کارڈز بنوائے گئے ، اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث پائے گئے۔دوسری طرف وزارت داخلہ نے جعلی شناختی کارڈز کے اجراء پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیرملکیوں کو شناختی کارڈز کے اجراء پر نادرا کے انٹیلی جنس افسر سمیت متعدد سینئر افسران معطل کر دیے، وزارت داخلہ نادرا میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف متحرک ہو گئی ہے اور بڑے پیمانے پر کریک داون کیا جا رہا ہے، اسی کریک داون کی زد میں آکر نادرا کے انٹیلی جنس افسر سمیت متعدد سینئر افسران کو معطل کر دیا گیا ہے-