کیاچین کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے عالمی سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ چین کی ترقی دنیا کے لئے تاریخی اور مثالی ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کے سوسال مکمل ہونے کی تقریب خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سو سالہ تاریخ عوامی حقوق کے لئے جد وجہد اور کامیابیوں سے مالا مال ہے، صدر شی چن ینگ کی قیادت میں چین عالمی، سیاسی، فوجی اور اقتصادی قوت بن کر ابھرا ہے، سی پی سی نے کارخانوں، صنعت و حرفت کے جال بچھائے، زرعی شعبے میں ایسے منصوبے بنائے جس سے چین سپر پاور بن گیا۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات دیرینہ، دیرپا اور ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں، سی پیک منصوبہ دنیا کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ ‎سربراہ جے یو آئی(ف) نے کہا کہ چین نے سی پیک معاہدہ کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کو ایک نئی جہت دی ہے۔ چائنہ بین الاقوامی طور پر طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے کردار ادا کرتا رہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر دونوں جماعتوں کی سوچ یکساں ہے۔ جو دونوں جماعتوں کو قریب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، امید ہے کہ چین کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے عالمی سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔