اورکزئی: کمشنر جاوید مروت نے ضلعی ہیڈ کوارٹر بابرمیلہ کے مین گیٹ کا افتتاح کردیا

اورکزئی: کمشنر کوہاٹ ڈویژن جاوید مروت نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا ۔ انہوں نے لائن ڈیپارٹمنٹس ضلع اورکزئی کے سربراہان کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد خالد نے ضلع کی ترقیاتی سرگرمیوں اورمحکموں کی کارکردگی کے بارے میں کمشنر کو بریفنگ دی۔ کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے باہمی تعاون کا مظاہرہ کر یں تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچ سکیں۔انہوں نے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو ہدایت کی کہ موسم کے تناسب سے پائیدار درختوں کی شجر کاری کریں تاکہ نہ صرف جنگلی حیات کا تحفظ ہو بلکہ جنگلات میں اضافے سے ماحول خوشگوار ہو اور گلوبل وارمنگ سے بچنے میں بھی مدد ملے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کی کٹائی کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کے تدارک کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ فصلوں، آبی و بارانی اراضی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔ اس موقع پر کمشنر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر بابرمیلہ کے مین گیٹ کا افتتاح بھی کیا۔ بعد ازاں کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر اورکزئی کے ہمراہ کلایہ ہیڈکوارٹر لوئر اورکزئی کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی اسکیموں اور صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے یہاں عمائدین کے ساتھ جرگہ بھی منعقد کیا ۔عمائدین نے کمشنر کوہاٹ ڈویژن کو علاقے کے مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ کمشنر نے امن کے قیام میں عمائدین کے کردار کو سراہتے ہوئے علاقے کی ترقی کے لئے امن عمل میں مزید فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ کمشنر نے کہا کہ موبائل رابطے اور 3 جی سہولیات عنقریب بحال ہو جائیں گی۔ بعد ازاں کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے کمانڈنٹ اورکزئی اسکاؤٹس کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمانڈنٹ اورکزئی اسکاؤٹس نے کمشنر کوہاٹ ڈویژن کو سیکیورٹی کے مجموعی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔قبل ازیں ضلعی ہیڈ کوارٹر بابر میلہ پہنچنے پر معزز کمشنر کوہاٹ ڈویژن کو ضلعی پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے محکموں کے سربراہان کے ساتھ معزز مہمان کا استقبال کیا اور بچوں نے گلدستے پیش کئے۔