خیبر: جمرود کے مستحق و غرباء میں لاکھوں روپے کے زکوٰۃ گزارہ الاؤنس کے چیک تقسیم

خیبر:ضلع خیبر محکمہ زکوٰۃ کے جانب سے جمرود تحصیل کے مستحق و غرباء میں لاکھوں روپے کے زکوٰۃ گزارہ الاؤنس کے چیک تقسیم کئے گئے،پشاور حیات آباد حاجی کیمپ میں محکمہ زکوٰۃ خیبر کے زیر اہتمام غرباء اور مستحق افراد میں زکوٰۃ گزارہ الاؤنس کے چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ صوبائی امیدوار پی کے 106 حاجی امیر محمد خان آفریدی تھے جبکہ اس موقع پر سابقہ صوبائی امیدوار پی کے 105 حاجی شیرمت خان آفریدی، ضلع خیبر زکوٰۃ کمیٹی چیئرمین مولانا احسان اللہ جنیدی، ڈسٹرکٹ خیبر زکوٰۃ آفیسر شاہ حسین،حاجی جمال افریدی، حاجی بارک،پی ٹی آئی کے عدنان شینواری،شبیر آفریدی اور دیگر بھی موجود تھے۔تقریب میں جمرود کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے غرباء و مستحق افراد میں زکوٰۃ گزارہ الاؤنس کے چیک تقسیم کئے گئے۔تقریب سے خطاب میں چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی مولانا احسان اللہ جنیدی کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر کے لئے امسال 16 کروڑ سے زائد زکوٰۃ کی رقم منظور ہوئی ہیں جس میں 14 کروڑ 98 لاکھ 29 ہزار روپے گزارہ الاؤنس کے تحت غرباء و مستحق افراد میں تقسیم ہونگے۔ خیبر کے 12 ہزار 486 غرباء و مستحق افراد میں زکوٰۃ کی رقم تقسیم کی جائیگی۔جمرود میں 2 کروڑ 70 لاکھ روپے غرباء و مستحق افراد میں تقسیم ہونگے۔تعلیمی سیکٹر میں یتیم و غریب طلباء و طالبات میں 21 لاکھ 76 ہزار روپے تقسیم کئے جائیں گے ۔سکولوں میں مستحق،غریب و زکوٰۃ کے اہل طلباء و طالبات کا تعین سکول اساتذہ کرینگے اور لسیٹیں مرتب کرکے اس مطابق زکات کی رقم دی جائیگی۔مدارس میں 21 لاکھ 75 ہزار روپے تقسیم ہونگے ۔صحت میں 10 لاکھ 28 ہزار روپے تقسیم ہونگے اور خیبر کے تینوں تحصیلوں کے ہسپتالوں میں رقم مہیا کرکے اس سے ہر غریب و مستحق مریض کو 5 ہزار روپے تک کے فری دوایاں فراہم کی جائیگی جبکہ اس کے علاوہ 258 غریب و مستحق خاندانوں کے بچیوں کے لئے 30 ہزار روپے جہیز کے مد میں دئے جائینگے۔