فردوس عاشق اعوان کے بعد ن لیگ نے قادر مندوخیل کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا

کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے این اے 249 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کی کامیابی کو چیلنج کر دیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کی کامیابی کو چینلج کر دیا۔درخواست گزار مفتاح اسماعیل نے موقف اختیار کیا کہ قادر مندوخیل کو دھاندلی سے این اے 249 سے کامیاب کرایا گیا،میرے مسترد ووٹوں کی تعداد 900 ہے جبکہ قادر مندوخیل کی مسترد ووٹوں کی تعداد 500 سے زائد بتائی گئی۔مفتاح اسماعیل کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ جس کے ووٹ زیادہ ہوتے ہیں، مسترد اسی کے زیادہ ہوتے ہیں۔پریزائیڈنگ افسر کی غلطی امیدوار کے حصے میں ڈال دی گئی۔درخواست میں مفتاح اسماعیل نے استدعا کی کہ قادر مندوخیل کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ 16جون کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخابات کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے دوبارہ انتخابات کی درخواستوں کو ناقابلِ سماعت قرار دیدیا۔