وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات،افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ترکی میں قطر کے اپنے ہم منصب شیخ محمد بن عبد الرحمن آل تھانوی سے ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں تبادلہ خیال اور باہمی دلچسپی کے امور میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل میں قطر کی جانب سے تعمیری اور معاون کردار کا اعتراف کیا اور انٹرا افغان مذاکرات کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال اور سہولت کاری کا کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔پاکستان اور قطر ے مابین باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ دو طرفہ تعلقات وسیع البنیاد اور کثیر جہتی ہیں ، جس میں سیاسی ، تجارتی ، تجارتی ، دفاع ، عوامی رابطے اور ثقافت سمیت مختلف شعبے تبادلے شامل ہیں۔