آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

راولپنڈی :چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت اور کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں برطانیہ کے متوازن کردار کی قدر کرتا ہے اور ہم اپنے قریبی تعلقات کی بنیاد پر تذویراتی صلاحیت کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔