داسو ڈیم منصوبہ ملکی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے نئے داسو ڈیم کی تعمیر کے لئے کام کرنے والے کارکنوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس سے مستقبل میں ملک کو سستی بجلی دستیاب ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو داسو ڈیم کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے زیر تعمیر ڈیم کے مختلف حصوں اور ٹنل کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل کام ہے جس کو انجام دینے پر میں غیر ملکی انجینئرز سمیت تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک کو سستی بجلی ملے گی۔ اس طرح کے منصوبے بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھے تاکہ ملک کےلئے سستی بجلی دستیاب ہو تی۔ جس طرح منگلا اور تربیلا سے ملک کو سستی بجلی حاصل ہوئی اور پاکستان کی صنعتوں کو اس سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہوا۔وزیرا عظم نے کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے ۔ ملک تیزی آگے بڑھ رہا ہے۔ سستی بجلی کے حصول سے مستقبل میں صنعتی اور گھریلو ضروریات پوری ہوں گی اور صنعتیں ترقی کریں گی جس سے ملک بھی ترقی کرے گا۔واضح رہے کہ داسو ڈیم فیز ون 2025 میں مکمل ہو کر نیشنل گرڈ میں 2160 میگا واٹ کی فراہمی شروع کر دے گا جبکہ 2029 میں فیز ٹو کے مکمل ہونے کے بعد ڈیم کی استعداد 4320 میگا واٹ ہو جائے گی۔وزیر اعظم عمران خان کے پاور سیکٹر اصلاحات اور ملکی پانی کے وسائل کے بہتر استعمال کے ویژن کے تحت موجودہ دور حکومت میں داسو ڈیم پر کام کی رفتار کو بڑھایا گیا۔ ڈیم کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا کام مکمل کیا گیا اور کورونا وائرس کی وبا کے باوجود ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈیم کی تعمیر جاری ہے