تربت میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک جوان شہید

تربت : تربت ائیرپورٹ کے قریب تعینات سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز بلوچستان کے شہر تربت کے ائیرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ڈیوٹی پر معمور جوانوں پر حملہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں کی مدد سے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی میں ایک جوان شہید ہوگیا۔ شہید ہونے والا جوان نائیک عقیل عباس ہے جس کا تعلق ضلع چکوال سے بتایا گیا ہے۔ حملے کے بعد ایف سی نے دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔