مہمند ڈیم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کے جانب سے طلباء وطالبات کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس کا افتتاح

مہمند:مہمند ڈیم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کے جانب سے طلباء وطالبات کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس کا افتتاح کردیا گیا۔ روزانہ کی بنیاد پر ہر تحصیل میں طلباء کی سہولت کیلئے گاڑیاں موجود رہیں گی ۔علاقے میں ترقیاتی کاموں پرساڑھے چار ارب روپے خرچ کیے جائینگے۔جس میں سڑکوں،سکول،ہسپتال،پانی اورخواتین کیلئے دستکاری اور سکلز سنٹر شامل ہیں۔ضلع مہمند کے لوئر سب ڈویژن یکہ غونڈ میں مہمند ہائیڈروپاورپراجیکٹ کی جانب سے طلباؤطالبات کی سہولت کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔افتتاحی تقریب میں پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم بریگیڈیئر امتیازحسین،ڈائریکٹرز مقبول بنگش،محمدجاوید آفریدی،محمدطارق،ڈپٹی کمشنر غلام حبیب،اے سی ڈاکٹرمحسن حبیب،ڈی پی او صلاح الدین کنڈی،ڈی ایچ او محمد حیات آفریدی کے علاوہ قومی مشران ملک نصرت،ملک امیر نواز خان،ملک اقرار،ملک عطاء اللہ،ملک سیف اللہ،ملک عظیم ملک محبوب شیرملک بختیار خان دوئزئی ملک اعتبار گل ودیگر سمیت سیاسی اورسماجی شخصیات اورصحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مفت ٹرانسپورٹ سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ جس میں ضلع کے تمام تحصیلوں کیلئے دس گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جو کہ روزانہ کی بنیاد پر طلبا ء و طالبات کو تعلیمی اداروں تک لے جانے اور واپس لانے کی ڈیوٹی سرانجام دینگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمند ڈیم پراجیکٹ کے ڈائریکٹرجنرل بریگیڈیئر امتیاز نے مہمند ڈیم پر جاری کام کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور یہ اپنے مقررہ مدت میں تکمیل کو پہنچے گا جس سے ملک کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر خوشحالی آئیگی۔انہوں نے کہا کہ کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پرساڑھے چار ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائیگی جس میں آمدورفت کیلئے سڑکی،سکول،ہسپتال،پانی کے منصوبے،خواتین کیلئے دستکاری اور سکلز سنٹرزکی ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی اور یہ رقم ڈیم کیلئے مختص فنڈ کے علاوہ ہیں۔اس موقع پر مقامی مشران نے درپیش مسائل بیان کیے اورکہا کہ اس پراجیکٹ سے مقامی لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوائد ملنے چاہئے تاکہ علاقے کی پسماندگی دور ہوجائے اور مقامی لوگوں تمام تربنیادی سہولیات مل سکیں۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر غلام حبیب نے کہا کہ مقامی مشران کے تعاون سے ڈیم پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہیں اور اس منصوبے کی تکمیل تک مشران کی مکمل حمایت اورتعاون درکار ہے تاکہ یہ قومی منصوبہ جلد مکمل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے سے قومی اورمقامی سطح پر خوشحالی آئے اور پورے ملک کو اس کا فائدہ پہنچ سکیں۔تقریب میں شریک مشران اور سیاسی اور سماجی شخصیات نے اس منصوبے کی تکمیل میں مکمل حمایت اورتعاون کایقین دلایا۔ تقریب کے اخر میں ملکی سلامتی اورخوشحالی کیلئے اجتماعی دعاکی گئی۔