پاکستان پرامن ،خوشحال اور خودمختار افغانستان کا خواہاں ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنگ اور مفاہمت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان افغانستان دو طرفہ مذاکرات کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور دنیا کا نظریہ اب تبدیل ہوچکا ہے، امن سب کی خواہش ہے، افغانستان میں امن خطے کے مستقبل کے لیے اہم ہے، پاکستان پرامن ،خوشحال اور خودمختار افغانستان کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے کام کیا اور افغانستان کا مسئلہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوسکتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت خارجہ دوست ممالک سے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کردار ادا کرتی ہے۔جنگ اور مفاہمت ایک ساتھ نہیں چل سکتے جبکہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ خطے کے مسائل کا حل پاکستان کی مدد سے ممکن ہے۔ خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی افغانستان کے حکام کے بیان نے مایوس کیا ایسے بیانیات امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر سکتے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوشش کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔