شمالی وزیرستان: میرانشاہ پاسپورٹ آفس میں باقاعدہ طورپرکام شروع

میرانشاہ:شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ افس نے میرانشاہ میں باقاعدہ طور پر کام شروع کردیا جس سے بیرون ملک جانے والے مقامی افراد نے سکھ کا سانس لے لیا۔پانچ جون کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاسپورٹ آفس میرانشاہ کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا جس کے بعد تمام انتظامات مکمل ہو نے کے بعد پاسپورٹ افس نے کام شروع کردیا ہے۔جمعے کو میرانشاہ پریس کلب سے ایک وفد نے پاسپورٹ افس کی دعوت پر دفتر کا دورہ کیا جس میں پاسپورٹ آفس کے عملے نے صحافیوں کو باقاعدہ بریفنگ دی اور کہا کہ عوام کو اب کسی بیرونی اضلاع میں پاسپورٹ بنوانے کیلئے جانے کی ضرورت نہیں۔بریفنگ کے دوران مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اجمل خان نے بتایا کہ آغاز ہی سے روزانہ 20کے قریب ٹوکن جاری کئے جاتے ہیں تاہم کورونا کی وجہ سے بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں خاصی کمی آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صارفین کو ہر قسم کی سہولت دی جارہی ہے جس میں ون ونڈو اپریشن کا قیام، گرمی سردی سے بچاؤ کیلئے مناسب شیڈ اور انتظارگاہ، ٹھنڈا پانی کیلئے دو واٹر کولر جبکہ خواتین کیلئے الگ انتظار گاہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد خواتین کیلئے فی میل عملے کی تقرری بھی عمل میں لائی جا ئیگی کیونکہ وفاقی وزیر داخلہ نے اس کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پاسپورٹ بنوانے کیلئے میرانشاہ پاسپورٹ آفس میں آجائیں اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں وہ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔پاسپورٹ صارف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ہمارا مطالبہ پورا کیا۔پاسپورٹ بنانے کیلئے ضلع بنوں تک 65 کلومیٹر کا سفر دو دفعہ کرنا پڑتا تھامالی خرچے کے علاوہ ٹائم بھی بہت ضیاع ہوتا تھا۔صارفین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان ، وزیر داخلہ شیخ رشید ،ڈی جی پاسپورٹ آفس اسلام آباد آور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کا شکریہ ادا کیا ۔