حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے میں ماہر ہے، شہباز شریف

لاہور : قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ٹرین کا ایک اور حادثہ ہو یا سخت گرمی میں شدید لوڈ شیڈنگ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے میں ماہر ہے۔ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکتوں سے قوم کو بے وقوف بناسکتے ہیں،سسٹم میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ تشویش ناک اور نااہلی کی انتہاہے،عوام گرمی سے بلک رہے ہیں، اسکول کے بچے بے ہوش ہو رہے ہیں، یہ صورت حال افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لائن لاسز میں کمی والا پاکستان ملا لیکن یہ حکومت لائن لاسز میں کمی برقرار نہ رکھ سکی، انہیں 93 فیصد بجلی کے بل وصول کرنے والا پاکستان ملا، موجودہ حکومت نے اسے 82فیصد پر پہنچا دیا اور یہ ڈیزل پر مہنگی بجلی بناکر عوام کے بجائے اے ٹی ایمز کو ریلیف دیتے رہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو 1200 ارب گردشی قرض والا ملک ملا تھا جسے انہوں نے 2800 ارب پر پہنچادیا، حکومت اب کوئی نیا بہانہ تلاش کرے گی، نیا جھوٹ گھڑے گی، نیا الزام اور فریب کی نئی داستان لکھے گی۔صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ اگر کام نہیں ہوتا تو گھرچلے جائیں، عوام کو گرمی کی اذیت میں مزید تکلیف نہ دیں، اگر عمران خان کے بس میں کچھ نہیں تو پارلیمان کی کمیٹی بنادی جائے تاکہ عوام کو کچھ تو ریلیف ملے۔