لائن آف کنٹرول پر موجود آبادی کو مفت اسلحہ لائسنس جاری

مظفر آباد : لائن آف کنٹرول پر موجود آبادی کو مفت اسلحہ لائسنسز کا اجرا کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں کشمیر کی حکومت نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کیں کہ شہری آبادی کو مفت اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں اور لائن آف کنٹرول کے پانچ کلو میٹر کے احاطے میں موجود دیہی ڈیفنس کمیٹیوں کے ممبران کے لائسنس کی تجدید بھی بغیر کسی فیس یا معاوضے کے فوری طور پر کی جائے۔آزاد کشمیر کی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ یہ ہدایات لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جاری کی گئی ہیں تاکہ شہری آبادی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور بھارتی افواج کی بمباری کے علاوہ دیگر جنگی حالات میں اپنی حفاظت کر سکیں۔نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا کہ تمام ضلعی مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائسنس کے اجرا کے لیے دیہی ڈیفنس کمیٹی کے ممبران کے نام تجویز کریں تاکہ شہری اپنی حفاظت کر سکیں۔خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو دو ریاستوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر غیر معمولی نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جس کے پیش نظر پاکستان اور بھارت میں محدود جنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے بڑے پلان کو لانچ کر نے کے لیے پاکستان کے ساتھ محدود جنگ چھیڑ سکتا ہے ۔لڑائی چھیڑنے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے منصوبے کو کور فراہم کرنا ہو گا۔اعلٰی حکومتی عہدیداران نے ٹاپ سیکورٹی آفیشلز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بڑی نسل کشی کا منصوبہ رکھتا ہے جسے کور فراہم کرنے کے لئے وہ پاکستان کے ساتھ محدود جنگ چھیڑ سکتا ہے۔