ڈی ایچ کیو ہسپتال اورکزئی میں بہترین سروسز مہیا کی جارہی ہیں، صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا

پشاور: خیبرپختونخوا میں مزید 10 ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے۔ ان ہسپتالوں میں نہ صرف ڈاکٹرز سمیت تمام عملہ موجود ہو گا بلکہ علاج معالجے کی بھی تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اس اقدام سے دور افتادہ اور کم ترقی یافتہ علاقے کے لوگوں کو شہری علاقوں کے برابر صحت سہولیات میسر آ سکیں گی۔

ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع اورکزئی صوبے کا دوردارز علاقہ ہے۔ جہاں اچھے ڈاکٹروں کا جانا چیلنج سے کم نہیں۔ لیکن ڈی ایچ کیو ہسپتال اورکزئی میں نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کے دوسرے صوبوں سے بھی تعلق رکھنے والا طبی عملہ موجود ہے اور وہاں بہترین سروسز مہیا کی جارہی ہیں۔یہ ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹرشپ ماڈل کے تحت چلایا جارہا ہے۔ اسی طرح 7 دیگر ہسپتال بھی پی پی پی ماڈل کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ماڈل کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے مزید 10 ہسپتالوں کو اس ماڈل کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر ہسپتال دور افتادہ علاقوں کے ہیں جہاں کے رہائشیوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں علاج کے لیے لمبا اور کٹھن سفر کر کے شہروں میں نہیں آنا پڑے گا۔مزید 10 ہسپتال جنہیں پی پی پی ماڈل کے تحت چلایا جائے گا ان میں ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا، ڈی ایچ کیو کوہستان، کیٹگری- سی ہسپتال ماموند، ٹی ایچ کیو ہسپتال میر علی، کیٹگری- ڈی ہسپتال رزمک، کیٹگری-ڈی ہسپتال علی زئی، کیٹگری-ڈی ہسپتال بازار ذکاخیل، کیٹگری- ڈی ہسپتال نواگئی، کیٹگری- ڈی ہسپتال، پشات اورآر ایچ سی شاگرم شامل ہیں