صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر قبائلی اضلاع میں صفائی مہم کا آغاز

پشاور: صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر قبائلی ضلع اورکزئی،مہمند،باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران صفائی کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع کے تمام سڑکوں کے دونوں اطراف شجرکاری بھی کی جائے گی اور تمام سڑکوں سے متعدد سپیڈ بریکرز کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ زیڑہ ٹو ڈبوری میں زیر تعمیر ہائی وے روڈ و دیگر سڑکوں کی کشادگی کیلئے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد خالد نے لوئر اورکزئی کلایہ ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد خالد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر ضلع اورکزئی کے حسن کو دوبالا کرنے اور ماحول کو مزید خوشگوار بنانے کیلئے ضلع اورکزئی کی مین ہائی وے سڑکوں اور دیگر سڑکوں کے دونوں اطراف محکمہ جنگلات کے تعاون سے پھول دار پودوں اور دیگر درختوں کی شجرکاری کی جائے گی جبکہ تمام ضلع اورکزئی اور خاص کر سیاحتی مقامات سے کچرے کو صاف کیا جائے گا ۔اس صفائی مہم میں ضلعی انتظامیہ ، پولیس، لوئر اور اپر اورکزئی ٹی ایم اے کے اہلکارورضاکار بھر پور حصہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں صفائی مہم کا آغاز ہو چکا ہے جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ زیڑہ ٹو ڈبوری زیر تعمیر مین ہائی وے روڈ میں آنے والی تمام دکانوں مارکیٹوں گھروں اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ مقامی مشران کی مشاورت اور رضامندی سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلع اورکزئی میں مین ہائی وے سڑکوں سمیت جہاں پر بھی سپیڈ بریکر ہوں ان کو جلد از جلد ہٹایا جائے اور ان ہدایات پر عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے جس کے نتیجے میں سرکاری اراضی پر قائم کیے گئے قبضے ختم کرکے سرکاری اراضی واگزار کرائی جائے گی،اسی طرح پندرہ روزہ صفائی مہم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے جس میں ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات میں خصوصی صفائی مہم چلایا جا نا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل میرعلی، میرانشاہ اور رزمک کے بازاروں سے ناجائز تجاوزات ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ پٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے اہم شاہراہوں سے غیر قانونی سپیڈ بریکرز ہٹائے جا ئینگے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں سرکاری اراضی پرتجاوزات کو ہر صورت ہٹایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔انہوں نے صفائی مہم کے حوالے سے کہا کہ چودہ دن تک جاری رہنے والی اس مہم میں ضلع بھرکے صحت کے مراکز اور تعلیمی اداروں میں صفائی مہم جاری رہے گی جبکہ اس حوالے سے عام لوگوں میں آگہی پھیلانے کیلئے واک اور دیگر اقدامات اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ضلع شمالی وزیرستان کے تمام باشندے انتظامیہ کے ساتھ تجاوزات ہٹانے کے کام میں تعاون کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ ماحول کو پاک صاف اور شہریوں کی آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے۔