پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا، جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، شیخ رشید

شمالی وزیرستان:وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا، جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، شمالی وزیر ستان میں بھی انٹر نیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین اور معززین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عمائدین نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو خوش آمدید کہا ،وزیر داخلہ کو روائتی علاقائی پگڑی پیش کی۔ قبائیلی عمائدین نے اپنے خطاب میں وزیر داخلہ کا شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے ہر شکریہ ادا کیا۔عمائدین نے افواج پاکستان کو قیام امن اور علاقائی ترقی کے حوالے سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ قبائلی عمائدین نے وزیر داخلہ کو شمالی وزیرستان کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور وزارت داخلہ سے متعلق پاسپورٹ اور نادرا رجسٹریشن کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کیے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے علاقے کے لوگوں کو پاکستان دشمنوں کو شکست دینے پرخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے پاک افواج کے شانہ نشانہ جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا ہے۔ انہوں نےافواج پاکستان سے ملکر علاقے میں پائیدار امن اور ترقی میں کردار ادا کرنے پر عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے بقاء کی جنگ لڑی؛ پوری قوم کو آپ پر ناز ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ شمالی وزیر ستان میں ایک میڈیکل یونیورسٹی کے لئے صوبائی حکومت اور وزیر اعظم سے بات کریں گے،علاقے میں لوگوں سے جرگہ منعقد کرنے کے لئے بھی وزیر اعظم سے بات کرونگا۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر جرگہ سسٹم کے حق ہوں۔یہ ایک آزمودہ متبادل نظام انصاف فراہم کرتا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر ستان کے سماجی خدوخال بہت منفرد ہیں۔علاقائی قوانین کو مضبوط کرنے کی کوشش کرینگے۔وزیر قانون سے بات کرونگا کہ علاقائی رسم ورواج کے مطابق قوانین بنانے کے لئے بات کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کردیا ہے، پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر میں مقامی سٹاف کو بھرتی کیا جائیگا۔نادرا رجسٹریشن کے لئے فوری طور پر دو مو بائیل وینز فوری فراہم کریں گے۔شناختی کارڈز کے فوری اجراء کے لئے انتظامات کر رہاہوں، پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ جرگے کی روایت کا حامی ہوں۔اس علاقے کو اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔اسے علاقے میں مروج ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے۔ شمالی وزیر ستان انٹر نیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائیگی۔ علاقے کو ترقی دینے کے لئے مزیدفنڈز فراہم کئے جائیں گے۔