حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سےمتعلق نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی ہے، شیخ رشید

اسلام آباد:وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سےمتعلق نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی ہے،نئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لئے نئے ویزا کی کم از کم مدت دو سال کردی گئی ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے سفیرنونگ رونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقا ت میں وزیر داخلہ اور چین کے سفیر نے پاکستان چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اورچینی شہریوں کے لئے ویزا سہولیات سی پیک منصوبوں اور پاک چین دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پرتبادلہ خیال کیا،وزیرداخلہ نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا،اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سےمتعلق نئی ویزا پالیسی منظور کی ہےنئی پالیسی کے تحت چینی شہریوں کے لئے نئے ویزا کی کم از کم مدت دو سال کردی گئی ہےچینی شہریوں کو اب متعلقہ مشنز سے 48 گھنٹے کے اند اندر دو سال کا ورک ویزا جاری کرینگے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کے لئے سی پیک کے تحت الگ ویزاکیٹیگری بنا دی ہے۔چینی شہروں کی سہولت کیلئے ایئرپورٹس پر خصوصی ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے چینی شہریوں کے لئے ویزا میں سہولیات پر حکومت کے بہت مشکور ہیں۔ویزا سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید اعتماد اور وسعت آئیگی ،سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کورونا ویکسینیشن مہیا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا،چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کنٹرول کرنے کے لئے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں۔ پاکستان میں پھنسے چینی یونیورسٹی کے طالب علموں کی واپسی کے انتظامات کئے جائیں۔ پاکستانی طلباء کے قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستانی طلباء کی جلد سے جلد چین واپسی کے لئے پوری کوشش کرینگے۔چینی سفیر کی یقین دہانی کروائی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی باہمی اعتماد اور بھروسے پر قائم ہے۔پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔اسے مزید مضبوط کرینگے۔اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مظہرہیں۔پاکستان چین کا آئرن برادر ہے۔باہمی تعلقات پر ناز ہے۔