کشمیر یوں کے حوصلے بلند ہیں،مسعود احمد خان

آزاد جموں وکشمیر کے صدر مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کشمیر معاملے پر ثالثی کی پیشکش کے بعد مودی سرکار بوکھلا گئی ہے اور آ ئے روز سرحد پر شیلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور زخمی کیا جا رہا ہے‘ حالات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں‘ ہندوستان پر جنگی جنون سوار ہے جو کہ پورے جنوبی ایشیا کو اپنے لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت پورے مقبوضہ کشمیر میں خوف وہراس کی کیفیت ہے‘ بھارتی حکومت آ رٹیکل پینتیس کو تبدیل کرنے جارہی ہے،غیر کشمیری طلبا،سیاہ اور یاتریوں کو کشمیر چھوڑنے کا کہا گیا ہے،کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جو کہ پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کے لیے تشویشناک اور چیلنج ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان حالات میں بھی کشمیر یوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ہندوستان کے مظالم سے نجات کے لئے ہر قدم اٹھانے کے لئے تیار ہیں۔