پاکستان، افغانستان کےساتھ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان کےساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے،الزام تراشیوں پر مبنی منفی بیانات، افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے سپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور اہم برادر ملک ہے۔دونوں ممالک یکساں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا حوالہ دیتے ہوئے، جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے دیرپا سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الزام تراشیوں پر مبنی منفی بیانات، افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی باوقار اور جلد وطن واپسی کیلئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔