پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے مابین ریلوے منصوبہ معاشی خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے برادارنہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں،پاکستان ازبکستان کے ساتھ قریبی برادارانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے مابین ریلوے منصوبہ معاشی خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ازبکستان کی قانون ساز اسمبلی اوئلا مجلس کے سپیکر نور دین جون اسماعیلو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے برادارنہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ معاشی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کے دوسرے جنرل کانفرنس کے اجلاس میں شرکت کیلئے ازبک وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ قریبی برادارانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ازبکستان وسطی ایشیائی ممالک کا اہم ملک ہے۔پاکستان اور ازبکستان کے مابین معیشت، دفاع، ثقافت، تعلیم، تجارت اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔صادق سنجرانی نے کہا کہ معاشی تعاون کے فروغ سے دونوں ممالک کے لوگ اور سرمایہ کار وں کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔باہمی تعلقات،تجارت،سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کا فروغ نہایت ضروری ہے۔پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے مابین ریلوے منصوبہ معاشی خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ منصوبے سے سنٹرل ایشیاء کے ٹرانسپورٹ نظام کو پاکستان کی بندرگاہوں، گوادر، کراچی اور قاسم پورٹ سے منسلک ہونے میں مدد ملے گی۔ دونوں ممالک کوکورونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے اور موثر حکمت عملی اور حفاظتی اقدامات سے اس موذی وبا پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔پاکستان اورازبکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی بھر پور حمایت کی ہے۔فسلطین پر اسرائیلی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی شدید ترین پامالی کی مذمت کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دونوں ممالک کا تعاون قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔کشمیر تنازعہ پر ازبکستان کے بھر پور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ فلسطین اور کشمیر کے مسائل مسلم ممالک کی بجائے انسانیت کے مسائل ہیں۔ تمام ممالک کو مشترکہ طور پر فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز اٹھانی چاہیے۔ فلسطین کے مسئلے پر اسرائیل سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد نے مظاہرے کیے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام ممالک کے پارلیمان مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں تو ان تنازعات کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم ان تنازعات کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ دنیا میں امن قائم ہو سکے۔ گوادر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بے شمار ممالک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔گوادر مشرق وسطی، وسط ایشیائی، یورپ اور افریقی ممالک کو ملانے کا مختصر ترین راستہ ہے جس سے سرمایہ کاری وتجارت کو فروغ میسر ہو گا۔پارلیمنٹرین کو ادارہ برائے پارلیمانی خدمات پارلیمانی سروسز فراہم کر رہا ہے، ازبکستان کے پارلیمنٹرین کو بھی سروسز فراہم کرنے کو تیار ہیں۔