نوجوان ٹیلنٹ کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے میگا اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور دنیا میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے میگا اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے، کشمیر پریمیر لیگ کے ذریعے عالمی سطح پر کشمیر کے خوبصورت مناظر اور ثقافت کے فروغ کیلئے معیاری پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کی انتظامیہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر شہر یار آفریدی، کشمیر پریمئر لیگ کے صدر عارف ملک، چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری شہزاد اختر، کشمیر پریمیئر لیگ کی انتظامیہ کے سینئر ممبران، فرنچائز مالکان اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ لیگ کی انتظامیہ نے صدر مملکت کو کے پی ایل کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیگ کے انعقاد سے پوری دنیا میں کشمیر کاز اجاگر کرنے اور کشمیر کو عالمی کھیلوں میں متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔صدر مملکت نے کشمیر میں کرکٹ پریمیئر لیگ شروع کرنے پر کے پی ایل کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ کے متعارف ہونے سے کشمیری نوجوانوں کو اپنی کرکٹ کی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا جبکہ اس سے عالمی سطح پر کشمیر کے خوبصورت مناظر اور ثقافت کے فروغ کیلئے معیاری پلیٹ فارم بھی میسر آئے گا۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ کشمیر پریمیئر لیگ کامیاب ثابت ہوگی۔ انہوں نے وفد کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایونٹ اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔