پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران سپہ سالار کی افغان صدر سے ملاقات ہوئی۔برطانوی چیف آف ڈیفنس بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیاگیا، سکیورٹی، دفاعی تعاون، مؤثر بارڈر مینجمنٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جنرل باجوہ نے کہا کہ پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے، پاکستان افغان عوام کی دیرپا امن کی کوشش کی حمایت کرتا رہے گا۔