وزیراعظم عمران خان ​کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کومزید بڑھانے پراتفاق

جدہ :وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور متعدد باہمی معاہدوں سمیت مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوگئے ، دونوں رہنماؤں نےخطے کی ترقی کیلئےسی پیک پربھی بات چیت کی، وزیراعظم نے کہا سی پیک دوطرفہ تعاون کوبڑھانے میں اہم کرداراداکرے گا ، عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کودورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔تفصیلات کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں ، جس میں دوطرفہ ، علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی پراتفاق کیا اور تمام شعبوں میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ، ملاقات میں مضبوط اور تاریخی تعلقات ، مشترکہ عقائد ، اقداراور باہمی اعتماد پر گفتگو ہوئی ، دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی، معاشی، تجارتی، دفاعی، اور سیکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر خصوصی زور دیا گیا ، دونوں رہنماؤں میں انسانی وسائل شعبےمیں زیادہ سے زیادہ باہمی فائدہ اٹھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کی جانب سے سعودی عرب کے دورے کی دعوت پر اظہار تشکر کیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عوام کی طرف سے مقدس مقامات کی سرزمین سے خصوصی عقیدت کا اظہار کیا ، وزیراعظم نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے ملازمت کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہوئے گرین سعودی عرب اورگرین مشرق وسطی کے اقدامات کوسراہا ، وزیراعظم نے پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے ولی عہد کے کردار کو بھی سراہا ، ولی عہد کے ویژن اور 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد رہنماؤں نے معاہدوں پردستخط کی تقریب میں شرکت کی ، جس میں سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے ، کونسل وزیراعظم اور ولی عہد کی زیرصدارت کام کرے گی، کونسل تعلقات کی ترقی کواسٹریٹجک سمت فراہم کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے ، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے متعدد باہمی معاہدوں،مفاہمت کی یادداشت پردستخط بھی کیے ، جس میں جرائم کےخلاف جنگ میں تعاون سے متعلق معاہدہ ، سزایافتہ افرادکی منتقلی سےمتعلق معاہدہ شامل ہیں ، منشیات کےٹریفک کامقابلہ کرنےسےمتعلق مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے ، جس میں کیمیکل توانائی ، پن بجلی گھر ، مواصلات ، آبی وسائل کی ترقی کے منصوبے شامل ہیں جب کہ 500 ملین امریکی ڈالرتک کی مالی اعانت کیلئے فریم ورک کا ایم او یوکیا گیا۔