قبائلی ضلع اورکزئی میں چار کنال اراضی پر کاشت کی گئی پوست کی فصل تلف

کوہاٹ: کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع اورکزئی کے علاقے اتمان خیل سپینہ درہ میں مقامی انتظامیہ اور پولیس نے آپریشن کرکے چار کنال اراضی پر کاشت کی گئی پوست (افیون)کی فصل کو تلف کردیا۔ سرکاری ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قبائلی ضلع اورکزئی کے ہیڈکوارٹر کلایہ کے نواحی علاقے اتمان خیل سپینہ درہ میں مقامی انتظامیہ اور پولیس ٹیم نے ایس ڈی پی او لوئر محبوب خان کی نگرانی میں تقریبا” چار کنال اراضی پر مشتمل کاشت کی گئی پوست کی فصل کو تلف کر دیا۔ذرائع کے مطابق پوست کی یہ فضل خفیہ طور پر کاشت کی گئی تھی تاہم مقامی انتظامیہ اور پولیس نے اطلاع ملنے پر کاروائی کی اور گزشتہ روز اتمان خیل کے علاقہ سپینہ درہ میں آپریشن کے دوران پوست کی فضل کو تلف کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی نثار احمد خان کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او لوئر اورکزئی محبوب خان، ایس ایچ او تھانہ کلایہ ملک جنان نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ اس مہم میں بھر پور شرکت کرکے زیر کاشت پوست کو تلف کر دیا۔ اس موقع پر مقامی عمائدین نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔