ڈیرہ اسماعیل خان: کھیلو ں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، کمشنرعامر لطیف

ڈیر ہ اسماعیل خان : عام عوام کو تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں تمام اقدامات کو یقینی بنائیں گے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کھیلو ں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ صحتمندانہ سرگرمیوں کو دوام بخشاجا سکے۔ ان خیالات کااظہار کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامر لطیف نے رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر عارف اللہ ، ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بیٹنی بھی موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر نے اوپن ایئر جم، میلہ گرائونڈ، ہاکی گرائونڈ اور سپورٹس کمپلیکس میں جاری مختلف سکیموں اور کھلاڑیوں کو میسر سہولیات کا معائنہ کرکے ضروری ہدایات جاری کی۔کمشنر نے کہا کہ عوام کو صحتمندانہ سرگرمیاں فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں تاہم عوام بھی سرکاری عمارتوں اور کھیلوں کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کریں۔کمشنر نے کہا کہ پچھلے دنوں ڈیرہ جات میلے کے کامیاب انعقا د پر ڈیرہ کے عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور آئندہ بھی اس طرح کے سپورٹس ایونٹ منعقد کرنے کیلئے انفراسٹرکچرکی بحالی وتعمیر و مرمت کا کام جاری ہے تاکہ کھیلوں کے انعقاد سے پہلے تمام ضروری کاموں کو نمٹایا جا سکے۔ بعدازاں کمشنر کو آر ایس او ڈیرہ نے تمام سکیموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔