پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے “کو ئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا باقاعدہ اجراء کر دیا

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں “کو ئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا باقاعدہ اجراء کر دیا، یہ پروگرام صوبائی محکمہ سماجی بہبود، پاکستان بیت المال اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے شروع کیا جار ہا ہے۔پروگرام کے تحت پشاور میں روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی دار اور دیگر مستحق افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا، فوڈ ٹرکوں کے ذریعے پشاور کے مختلف علاقوں میں مستحق لوگوں تک کھانا پہنچایا جائے گا۔سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ روزانہ دس ہزار خوراکوں کا انتظام کرے گا۔وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا اجراء فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اور عملی پیشرفت ہے، اس غریب پرور پروگرام کے اجراء پر وزیراعظم عمران خان، احساس پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتر اور اس کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اٴْن کا خصوصی شکریہ ادا کر تا ہوں، اس پروگرام کے کامیاب اجراء پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اور پاکستان بیت المال کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے مالی لحاظ سے کمزور اور غریب لوگوں کی فلاح کیلئے نظر آنے والے اقدامات اٴْٹھا رہی ہے، اب تک احساس پروگرام کے تحت متعدد اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں جن سے معاشرے کے مستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں،صوبائی حکومت اس پروگرام کو منظم انداز میں چلانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔