حکومت قانون کی بالادستی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت قانون کی بالادستی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کرپٹ عناصر کی سہولت کاری نظام کو درست کرکے قانون کی گرفت مضبوط کی جائے، معاشرے کے کمزور اور طاقتور طبقات کیلئے یکساں قانون کا اطلاق ہو۔ وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ الرشید کراچی کے مہتمم مفتی رحیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، رفیع الدین، زبیر موتی والا، کرنل (ر) عبدالمغنی اور خلیل الرحمن ملاخیل شامل تھے۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کے ریاستِ مدینہ کے ویژن پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اسکے علاوہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بڑھتی ہوئی بیرونی سرمایہ کاری بھی گفتگو کا حصہ رہی۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت قانون کی بالا دستی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا ر ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمزور اور طاقتور کیلئے یکساں قانون اور دفاتر میں سزا اور جزا ہی نظام میں بہتری لا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کرپٹ عناصر کی سہولت کاری والے نظام کو درست کرکے قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔