ای پاسپورٹ نظام رواں سال جون میں فعال ہوجائے گا، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

کراچی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ای پاسپورٹ نظام رواں سال جون میں فعال ہوجائے گا،مہنگائی پر قابو پانا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،عمران خان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،ایف آئی اے نے چینی مافیا کے 10 افراد گرفتار اور 57 بینک اکائونٹس منجمد کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے زونل آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں ای پاسپورٹ کے اجرا کا عمل جون سے شروع ہوگا ، اور اس مقصد کے لئے ایک جرمن کمپنی کے ساتھ معاملات طے کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی میعاد کی مدت 10 سال کردی گئی ہے اور اس کی فیس بھی آدھی رہ گئی ہے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ایف آئی اے اور قومی احتساب بیورو(نیب)نے منی لانڈررز اور شوگر مافیا سمیت متعدد مافیا کے خلاف سخت کاروائیاں کیں۔ایف آئی اے نے 10 ملزمان کو گرفتار کیا اور 31 شوگر ملوں کو قانونی نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ چینی کے بحران میں 19 بے نامی اکائونٹس سمیت 57 بینک اکائونٹس منجمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے کئی افسران برس ہابرس سے ایک ہی مقام پر تعینات ہیں، ان کا تبادلہ رمضان میں کردیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ویزا کے اجراء کا عمل مکمل طور پر آن لائن کردیا گیا ہے اور تقریباً 3 لاکھ ویزے جاری کئے جبکہ صرف 12 ہزارویزا درخواستیں مسترد کردی گئیں۔انہوں نے کہا کہ192 ممالک کے شہری 30 دن کے اندر اندر پاکستانی ویزا حاصل کرسکتے ہیں ،اب کسی ایک متعلقہ ادارے کی منظوری سے ویزا جاری ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ڈالر کی قیمت 22 ماہ میں کم ترین سطح پر آگئی ہے، معاشرے کے پسماندہ طبقے کو امداد فراہم کرنے کے لئے رمضان پیکیج کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز وزیراعظم نے کم آمد نی والے طبقے کے لئے 4 ہزار رہائشی یونٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جس سے غریب اور پسماندہ لوگ مستفید ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کے لئے حزب اختلاف چیلنج نہیں بلکہ مہنگائی پر قابو پانا چیلنج ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عدلیہ آزادانہ طور پر کام کررہی ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں سب کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کے خلاف کوئی سازش کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی ہے، عمران خان اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مثبت سوچ رکھنے والی جماعت ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اپنے بیانیہ کی وجہ سے خود اپنے لئے مسائل پیدا کررہی ہے، ملکی اداروں کے خلاف استعمال کی جانے والی زبان کا خمیازہ انہیں بھگتنا ہوگا۔ ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ اگر نواز شریف وطن واپسی کا کوئی ارادہ ظاہر کرتے ہیں تو وزارت داخلہ انہیں 24 گھنٹوں میں سفری دستاویزات جاری کردے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہتر ہے۔ ہمارے امریکہ، چین اور افغانستان سے اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔