پشاور: 994 ملین روپے کی لاگت سے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام جاری

پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور کے توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، کمپلیکس میں واقع کرکٹ سٹیڈیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے جس سے صوبے میں انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی تعداد دو ہوجائے گی، خواتین جمنازیم اور سوئمنگ پول بھی بنایا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ توسیع منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے ، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان ‘صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ‘ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کاظم نیاز،سیکرٹری سپورٹس عابد مجیداورڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کے ہمراہ کیا تھا۔ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کرکٹ سٹیڈیم پر 994 ملین روپے کی لاگت آئے گی ، منصوبہ جون تک مکمل کیا جائے گا جس میں مین پویلین، ‘جنرل سٹینڈز،ڈیجیٹل سکور بورڈاور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں فٹنس جم قائم کیا گیا ہے جس پر 100 ملین کی لاگت آئی ہے ، خواتین کھلاڑیوں کے لئے انڈور کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے منصوبہ بھی جاری ہے جس پر 100 ملین روپے لاگت آئے گی جو دسمبر 2021 تک مکمل ہوگا،حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول پر 90 ملین روپے لاگت آئی گی، یہ منصوبہ جون تک مکمل ہوگا۔حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کی تکمیل پر یہاں انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچوں کا انعقاد کیا جائے گا، سپورٹس کمپلیکس کے توسیعی منصوبے سے یہاں مرد وخواتین کو فٹنس کی سہولت میسر آئے گی ، کھلاڑیوں کو کھیلنے کے ساتھ ساتھ تربیت کے مواقع ملیں گے قومی اور صوبائی سطح کے علاوہ مقامی مقابلے بھی کرائے جاسکیں گے۔ محکمہ کھیل کے دیگر منصوبوں میں ایک ارب 40 کروڑ روپے کی ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن، ‘کالام میں نئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر ( جس پر 358 ملین روپے لاگت آئے گی)،پشاور سپورٹس کمپلیکس، مردان سپورٹس کمپلیکس،بنوں سپورٹس کمپلیکس میں آسٹروٹرف تبدیل کرنا اور بچھانا ، اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور، ‘چارسدہ سپورٹس کمپلیکس،کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس،ڈی آئی خان سپورٹس کمپلیکس اور سوات سپورٹس کمپلیکس میں آسٹروٹرف بچھانا شامل ہیں۔ پشاور سپورٹس کمپلیکس کے ٹارٹن ٹریک کو بہتر بنایا جائے گا، کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں 70 فیصد، ‘ڈی آئی خان سپورٹس کمپلیکس میں 50 فیصد اوربنوں سپورٹس کمپلیکس میں 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں چار بین الاقوامی معیار کے سکواش کورٹس تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ10 مزید سکواش کورٹس مختلف تعلیمی اداروں میں تعمیر کئے جارہے ہیں۔ پشاور میں 350 کنال اراضی پر سائیکلنگ ویلوڈرم، فٹبال سٹیڈیم،ہاکی سٹیڈیم، سوئمنگ پول، ‘ بائولنگ ایلے، انڈور شوٹنگ اور ملٹی پرپز انڈور جمنازیم ،منی گالف کلب کی تعمیر کے منصوبے زیر غور ہیں۔8 ضلعی صدر مقامات میں سپورٹس سٹیڈیمز کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔