پاک چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کے ضامن ہیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چئیرمین ماوزے تنگ اور وزیر اعظم چوان لائی نے پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا،پاک چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کے ضامن ہیں۔چین نے پاکستان کے کلیدی سٹرٹیجک، معاشی اور ترقیاتی ترجیحات کے معاملات میں ہماری مدد کی ہے،قومی ترقی کے لئے سی پیک کے ناگزیر ہونے پر پاکستان میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔یہ باتیں انہوں نے منگل کو پاک چین لازوال دوستی کے ستر سالہ جشن کے حوالے سے بیک وقت وزارت خارجہ پاکستان اور وزارتِ خارجہ چین میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے (بذریعہ ویڈیو لنک) تقریب میں شرکت کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 21 مئی 1951 کو شروع ہونیوالے دو طرفہ پاک چین دو طرفہ مثالی تعلقات کو 2021 میں ستر سال مکمل ہونے کو ہیں۔اس سلسلے میں دونوں ممالک اس لازوال دوستی کے ستر سالہ جشن کے حوالے سے مختلف تقاریب کا انعقاد کرتے رہیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے لیے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ پاک چین لازوال دوستی کے ستر سالہ جشن کا افتتاح کر رہا ہوں۔پچھلے ستر سالوں میں پاک چین تعلقات، وسیع البنیاد طویل المدتی، سدا بہار سٹر ٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کاتین دہائیوں میں 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نجات دلانے کا تجربہ انسانی تاریخ میں منفرد ہے۔1.4 ارب لوگوں کی زندگی اور تقدیر بدلنے کی اس حیرت انگیز کامیابی پر ہم چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صدر شی جن پنگ کی قیادت نے اس تاریخی مرحلے پر چینی قوم کی قومی خواہشات کی تکمیل میں بے پناہ مدد کی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ چئیرمین ماوزے تنگ، وزیر اعظم چوان لائی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا جبکہ بعد میں آنے والے قائدین اور رہنماوں نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں قابل قدر خدمات سر انجام دیں،سات دہائیوں میں باہمی اعتماد، مدد اور باہمی مفادات کے اصولوں پر دونوں ممالک کے تعلقات نے نشوونما پائی۔کثیرالجہتی سٹرٹیجک اور سیاسی تعاون آج کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہے۔