وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے ۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم نے قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں دی ہے ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے نوٹیفیکیشن کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’’اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپےفی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز کی۔وزیراعظم عمران خان نے یہ تجویز منظور نہیں کی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی‘‘ ۔اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ اور وفاقی حکومت نے اوگرا کی جانب سے بھجوائی گئی سمری منظور کر لی ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6روپے 22پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔