قبائلی اضلاع کی ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت

پشاور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے ، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کےگورنر شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، عمر ایوب خان، فیصل واوڈا اور معاون خصوصی تابش گوہر نے شرکت کی۔وزیر اعظم کو صوبہ خیبر پختونخوا کو وفاق کی طرف سے بجلی آمدن کی مد میں پن بجلی کے خالص منافع اورقبائلی اضلاع کے لیے مخصوص ترقیاتی پیکیج پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں بشمول صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر و دیگر منصوبوں پر اب تک 50 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔وزیر اعظم نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے غیور شہریوں نے ملک کے لیے بے دریغ قربانیاں دی ہیں، اسی لیے ان کے علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔