ترسیلات زر کا حجم مسلسل آٹھویں ماہ بھی دو ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہاہےکہ جنوری 2021 میں بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 2 ارب 27 کروڑ ڈالر رہا جو جنوری 2020 کے مقابلہ میں 19 فیصد زیادہ ہے۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کا حجم مسلسل آٹھویں ماہ بھی دو ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہےجس پر میں پاکستانی تارکین وطن کا شکر گزار ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک پاکستانی تارکین وطن کی ترسیلات زر گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24 فیصد زیادہ ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ سے بھی اچھی خبریں ہیں جہاں نمو میں تسلسل ہے،لارج سکیل مینوفیکچرنگ بھی دسمبر 2020 میں ڈبل ڈیجٹ میں آگئی اور اس میں 2019 کے مقابلہ میں دسمبر 2020 میں 11.4 فیصد اضافہ ہوا۔رواں مالی سال کے دوران جولائی تا دسمبر نمو کی شرح مجموعی طور پر 8فیصد سے زیادہ رہی۔