سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا پارلیمنٹ ہاؤس میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کا دورہ

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہائوس میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیر یوتھ فورم کے زیر اہتمام منعقدہ تصویری نمائش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی ‘ شاندانہ گلزار سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ نمائش میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اب تک دنیا کے مختلف فورمز پر ہونے والی جدوجہد سمیت کشمیری مائوں‘ بہنوں‘ بیٹیوں‘ نوجوانوں اور بزرگوں کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے تصویری نمائش کا جائزہ لیا اور کشمیر یوتھ فورم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی تصاویر پر مبنی تاریخ بڑی افسردہ کردینے والی ہے۔ انشاءاللہ ایک دن مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزاد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر ظالموں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ سپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے ساتھ ان کی آزادی کی جدوجہد کے لئے اپنی سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور دنیا کے ہر پارلیمانی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔